گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے عمران ندیم بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک کفایت اللہ بھی بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے ہیں۔
اسپیکر کے انتخاب کے بعد اسمبلی اجلاس میں سابق اسپیکر نذیر ایڈووکیٹ نے عمران ندیم سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ بعد ازاں نومنتخب اسپیکر عمران ندیم نے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے والے ملک کفایت اللہ سے حلف لیا۔
اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اب تمام نظریں وزیراعلیٰ کے انتخاب پر مرکوز ہیں، جس کے لیے ووٹنگ کا عمل کچھ دیر میں متوقع ہے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بعد گلگت بلتستان میں نئی حکومت کی پارلیمانی قیادت کا عمل مکمل ہو جائے گا۔