Wed, September 16, 2026

ایران میں حکومت تبدیلی کا ارادہ نہیں:امریکی نائب صدر

 ایران میں حکومت تبدیلی کا ارادہ نہیں:امریکی نائب صدر

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکہ ایران میں حکومت کی تبدیلی کا خواہش مند نہیں بلکہ ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور صدر ٹرمپ کا یہ قدم معمولی نہیں تھا۔

جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ایران کا میزائل پروگرام ناکامی کی علامت ہے اور امریکہ کو ایران کی طرف سے کچھ اشارے موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام امریکہ کی سب سے بڑی حد ہے۔

نائب صدر نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے حملے کا فیصلہ کارروائی سے بالکل پہلے کیا اور امریکہ نے ایران کے جوہری پروگرام کو کافی حد تک محدود کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران نے ردعمل دیا تو امریکہ پوری طرح تیار ہے۔

جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ صدر ٹرمپ زمینی فوجی مداخلت میں دلچسپی نہیں رکھتے اور انہیں نہیں لگتا کہ یہ مسئلہ طویل جنگ میں تبدیل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی خفیہ اداروں نے ایران کے خلاف کارروائی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ غلط فہمی ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔

ٹیگز: