Wed, September 16, 2026

امریکی جارحیت پر روس و چین کا اظہارِ افسوس و مذمت

امریکی جارحیت پر روس و چین کا اظہارِ افسوس و مذمت

ماسکو : ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی فضائی حملوں پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ روس اور چین نے ان حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ:

"ہم ایران پر امریکی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ایک خودمختار ریاست پر میزائل اور بموں سے حملہ ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے، جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔"
روسی حکام نے مزید کہا کہ ایران پر حملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کے لیے تمام فریقین سیاسی و سفارتی حل کی طرف رجوع کریں۔

ادھر چینی وزارت خارجہ نے بھی امریکی حملوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ:

"امریکا نے ایران کی ان جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جو عالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی نگرانی میں تھیں، جو کہ ناقابل قبول ہے۔ یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے منافی ہے۔"
چینی حکام نے خبردار کیا کہ ایسے حملے مشرق وسطیٰ کی نازک صورتحال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں، جس سے علاقائی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

بیجنگ نے عالمی برادری، خصوصاً اسرائیل اور امریکا، سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ہر قسم کی فوجی کارروائیاں بند کریں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

ٹیگز: