Wed, September 16, 2026

ہیڈ مرالہ پر بڑے سیلابی ریلے کا امکان، جلالپور بھٹیاں میں ریسکیو ٹیمیں متحرک

ہیڈ مرالہ پر بڑے سیلابی ریلے کا امکان، جلالپور بھٹیاں میں ریسکیو ٹیمیں متحرک

لاہور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بڑے سیلابی ریلے کے گزرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریا میں تقریباً 9 لاکھ کیوسک تک پانی کا بہاؤ متوقع ہے، جس کے پیش نظر نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب جلالپور بھٹیاں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے کشتیاں اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقوں میں پہنچا دیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری امدادی سرگرمیاں شروع کی جا سکیں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ٹیگز: