واشنگٹن: گوگل پکسل فونز کے ’ٹیک اے میسج‘ فیچر میں ایک نایاب بگ کی شکایت سامنے آئی ہے، جس کے باعث بعض صارفین کے فون کے ارد گرد کی آوازیں کال کرنے والے تک پہنچ جاتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، یہ فیچر مسڈ یا مسترد شدہ کالز کو خودکار طریقے سے ہینڈل کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔ اس فیچر کے تحت کال کرنے والے کو پیغام چھوڑنے کی ہدایت دی جاتی ہے، اور صارف کے فون پر کالر کی آواز کی ٹرانسکرپشن ریئل ٹائم میں دکھائی جاتی ہے۔
تاہم، کم از کم چھ کیسز میں اس فیچر نے کال کرنے والے کی آواز کے بجائے فون کے ارد گرد کی آوازیں ریکارڈ کرنی شروع کر دیں، جس سے کال کرنے والے کو ایسا لگا کہ کال اٹھا لی گئی ہے۔
اس مسئلے کی پہلی اطلاع ستمبر 2025 میں ریڈٹ پر سامنے آئی تھی، جس کے بعد پکسل 5، پکسل 10 اور پکسل 4 اے کے صارفین نے بھی شکایات کیں۔ زیادہ تر متاثرہ ماڈلز وہ ہیں جنہیں اب سافٹ ویئر اپڈیٹس نہیں مل رہے۔
ماہرین کے مطابق، اس مسئلے کا عارضی حل فیچر کو بند کرنا ہے۔ صارفین پکسل فون ایپ میں جا کر مینو > کال اسسٹ > ’ٹیک اے میسج‘ منتخب کریں اور ٹوگل کو آف کر دیں۔
گوگل کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی اس مسئلے سے آگاہ ہے اور اس پر تحقیقات جاری ہیں۔
یہ فیچر پکسل 4 اور اس کے بعد کے ماڈلز میں امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ اور آسٹریلیا میں دستیاب ہے، اور اس میں اسپیم کالز سے بچاؤ کی خصوصیت بھی شامل ہے۔