کابل : افغان میڈیا کے مطابق، افغانستان کے صوبوں پکتیکا اور ننگر ہار میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے، جس میں متعدد دہشت گردی کے کیمپ اور محفوظ ٹھکانے تباہ ہو گئے۔
پکتیکا کے علاقے برمل میں جیٹ طیاروں نے مرغا بازار کے قریب موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جبکہ ضلع ارگون میں بھی حملے کیے گئے۔ ننگر ہار کے مختلف علاقوں، جیسے خوگیانی، خیلو، غنی خیل اور بحسود میں بھی فضائی کارروائیاں کی گئیں۔
ان حملوں کے بعد شدید دھماکے ہوئے اور پورا علاقہ گونج اُٹھا، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو اپنے ٹھکانوں سے فرار ہونے کا موقع نہیں ملا۔ افغان میڈیا کے مطابق، حملوں میں دہشت گردوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں، تاہم افغان حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔
کالعدم ٹی ٹی پی کے سوشل میڈیا گروپوں نے ان حملوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جو اس بات کا غماز ہے کہ کارروائی میں بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے۔ یہ حملے افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا حصہ ہیں۔