Wed, September 16, 2026

واشنگٹن ٹائمز: 2025 میں پاک امریکا تعلقات نے نئی سمت اختیار کر لی

واشنگٹن ٹائمز: 2025 میں پاک امریکا تعلقات نے نئی سمت اختیار کر لی

واشنگٹن:امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز نے کہا ہے کہ سال 2025 پاک امریکا تعلقات کے لیے ایک غیر معمولی اور فیصلہ کن سال ثابت ہوا، جس کے دوران امریکا کی جنوبی ایشیا پالیسی میں بنیادی تبدیلی دیکھنے میں آئی۔

اخبار کے مطابق واشنگٹن کی طویل عرصے سے جاری ’’انڈیا فرسٹ‘‘ پالیسی عملی طور پر غیر مؤثر ہو گئی ہے جبکہ پاکستان کو خطے میں ایک ترجیحی اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس پالیسی شفٹ کی اہم وجہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی اور اس دوران سامنے آنے والی علاقائی صورتِ حال بنی۔

واشنگٹن ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان روابط اور اعتماد میں اضافہ پاک امریکا تعلقات کی بہتری کا اہم عنصر رہا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ امریکا اور اعلیٰ امریکی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتوں کو بھی تعلقات میں پیش رفت قرار دیا گیا۔

اخبار میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، جسے ماضی میں واشنگٹن میں ایک مشکل اتحادی سمجھا جاتا تھا، اب خطے میں امریکا کے لیے ایک اہم شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔ صدر ٹرمپ کی نئی جنوبی ایشیا حکمتِ عملی میں پاکستان کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔

تبصرے کے مطابق امریکا نے ابتدا میں بھارت کو کواڈ اور دیگر عالمی پلیٹ فارمز کے ذریعے خطے میں مضبوط کرنے کی کوشش کی، تاہم بھارت کے اندرونی سیاسی مسائل، شہری آزادیوں پر قدغنیں، محدود عسکری کارکردگی اور سخت سفارتی رویے نے اسے ایک مؤثر علاقائی کردار کے طور پر مشکوک بنا دیا۔

واشنگٹن ٹائمز کا کہنا ہے کہ مارچ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی کھل کر تعریف کے بعد واشنگٹن میں پالیسی کا رخ واضح طور پر تبدیل ہوا، جبکہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جھڑپ کے دوران پاکستان کی فوجی کارکردگی نے امریکی قیادت کو خاصا متاثر کیا۔

ٹیگز: