اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے خاندانوں اور مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کی مالی معاونت کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کا نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کیا جائے جبکہ امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکرٹریز کو متاثرہ علاقوں کے دورے کرکے نقصانات کا خود جائزہ لینے اور بحالی کے کام کی نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے علاقوں جہاں رسائی ممکن نہیں، وہاں اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری امدادی سامان فوری پہنچایا جائے تاکہ متاثرین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو متوقع بارشوں کے پیش نظر مکمل تیار رہنے اور صوبائی اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں، نقصانات اور بحالی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا۔