اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ملائیشیا نے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے دہشتگردوں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پاکستان اور ملائیشیا نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے اور دونوں وزارتوں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔
ملاقات میں کوسٹ گارڈز کے شعبے میں تجربات کے تبادلے اور تربیتی پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کے شعبے میں تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ملاقات میں سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے عوامی روابط بڑھانے کے لیے سیاحت اور ویزا سہولیات میں مزید آسانی مفید ثابت ہوگی۔