Wed, September 16, 2026

امریکہ میں 55 ملین ویزہ ہولڈرز کی وسیع سطح پر سخت جانچ، ویزے منسوخ ہونے کے امکانات

امریکہ میں 55 ملین ویزہ ہولڈرز کی وسیع سطح پر سخت جانچ، ویزے منسوخ ہونے کے امکانات

واشنگٹن: امریکہ کی حکومت نے ملک کی تاریخ میں سب سے بڑے پیمانے پر ویزہ رکھنے والوں کی سخت جانچ کا اعلان کیا ہے، جس کا دائرہ 55 ملین افراد تک پھیلا ہوا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایسے ویزہ ہولڈرز کی شناخت کرنا ہے جو اب ملک میں قیام کے قانونی معیار پر پورا نہیں اترتے۔

امریکی وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ اس مہم کے ذریعے ویزا پالیسی کو مضبوط کیا جائے گا تاکہ ایسے افراد کو نشان زد کیا جا سکے جو قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں یا جن کے بارے میں شبہات ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ نے پہلے بھی متعدد سخت اقدامات کیے ہیں جن میں مخصوص تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ کرنا اور درخواست دہندگان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی شامل ہے۔ مزید برآں، انٹرویوز کے عمل میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

یہ اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب غزہ اور فلسطینیوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جاری کیے جانے والے طبی ویزے روک دیے گئے ہیں، جس سے فلسطینی طلبہ، مریض اور دیگر درخواست گزاروں کے امریکہ داخلے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سال 2025 کے دوران اب تک چھ ہزار سے زائد طلبہ کے ویزے منسوخ ہو چکے ہیں، جن میں وہ شامل ہیں جنہوں نے اپنے قیام کی مدت سے زیادہ وقت گزارا، قوانین کی خلاف ورزی کی، یا دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کیا۔

اس سال کے دوران تقریباً 40 ہزار ویزے منسوخ کیے جا چکے ہیں، جو سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں اسی عرصے میں کیے گئے 16 ہزار ویزوں کی نسبت بہت زیادہ ہے۔

یہ وسیع پیمانے پر جانچ امریکہ کی ویزہ پالیسی کو مزید سخت اور نگرانی کے عمل کو مؤثر بنانے کا ثبوت ہے۔

ٹیگز: