کیلیفورنیا: انسٹاگرام نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین مختلف ریلز ویڈیوز کو آپس میں مربوط کر سکیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے آپ اپنی طویل ویڈیو کو متعدد حصوں میں تقسیم کر کے قسط وار انداز میں شیئر کر سکیں گے، تاکہ دیکھنے والے آسانی سے ایک کے بعد دوسری قسط دیکھ سکیں۔ یہ فیچر قسط وار ڈراموں کی طرح کام کرے گا جہاں پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی قسط بآسانی دیکھی جا سکے گی۔
یہ سہولت نہ صرف نئی ویڈیوز پر لاگو ہوگی بلکہ پہلے سے اپلوڈ کی گئی ریلز کو بھی آپس میں جوڑا جا سکے گا تاکہ ناظرین کو سلسلہ وار مواد دیکھنے میں آسانی ہو۔
لیکن یہ فیچر ان ریلز پر دستیاب نہیں ہوگا جو سبسکرائبرز کے لیے مخصوص ہوں یا جنہیں قریبی دوستوں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہو۔
فیچر استعمال کرنے میں آسان ہے، جب آپ نئی ریل اپلوڈ کریں گے تو کیپشن باکس کے نیچے "لنک ایک ریل" کا آپشن نظر آئے گا جس سے آپ دیگر ویڈیوز کو اس سے جوڑ سکتے ہیں۔ پہلے سے موجود ریلز کو آپ ویڈیو کی ترتیبات میں جا کر "لنکڈ ریلز شامل کریں" کے ذریعے منسلک کر سکتے ہیں۔
یہ نیا فیچر انسٹاگرام صارفین کو ویڈیوز کو بہتر طریقے سے ترتیب دینے اور ناظرین کو تسلسل کے ساتھ مواد دیکھنے کی سہولت فراہم کرے گا۔