بیجنگ : چین نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک بڑی پیش رفت کے طور پر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا ہے۔ بیجنگ نے واضح کیا ہے کہ وہ خطے میں خونریزی روکنے اور پائیدار استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ بیجنگ شروع سے ہی اس بات کا حامی رہا ہے کہ تمام فریقین اپنے اختلافات کو سفارتی چینلز کے ذریعے حل کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو ایسے اقدامات کی حمایت کرنی چاہیے جو تصادم کی جگہ مفاہمت کو فروغ دیں۔
چین نے موجودہ صورتحال کو مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ کا ایک حساس ترین مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطہ اب جنگ کی تاریکی سے نکل کر امن کی روشنی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ "اس وقت عالمی برادری کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کہ اس تنازع کے دائرہ کار کو پھیلنے سے روکا جائے تاکہ خطے میں جانی و مالی نقصان کا سدباب ہو سکے۔
بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ چین خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے ایک مثبت اور غیر جانبدار ثالث کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ تجزیہ کار اسے بیجنگ کی اس کامیاب خارجہ پالیسی کا تسلسل قرار دے رہے ہیں جس کے تحت حال ہی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان بھی تاریخی مفاہمت ممکن ہوئی تھی۔