دبئی : دبئی میں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا سب سے بڑا مقابلہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ پچھلے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو واضح فرق سے شکست دی تھی، اس لیے آج گرین شرٹس بدلہ لینے کے لیے میدان میں پرعزم ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے میچ کی تیاری مکمل کر لی ہے اور کچھ حکمت عملی میں تبدیلیاں بھی کی ہیں۔ اوپنر صائم ایوب کو اب بیٹنگ کے نمبر چار پر لانے کا امکان ہے، جب کہ فاسٹ بولرز میں شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی جگہ پکی ہے۔ ٹیم میں حسین طلعت بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ میچ میں کپتانوں کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کا تنازع ہوا تھا، جس پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے بعد میں معذرت بھی کی ہے۔ آج پھر سے دونوں ٹیمیں ایک ساتھ میدان میں ہوں گی اور شائقین کو زبردست کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
بھارتی فینز نے بھی دبئی میں پاکستانی کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور خاص طور پر فخر زمان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ پاکستانی شائقین بھی ٹیم سے بڑی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں کہ یہ بار جیت پاکستان کی ہوگی۔