Wed, September 16, 2026

عوام کی سہولت کے لیے بڑا قدم ، سپریم کورٹ کا نیا پبلک فسیلیٹیشن پورٹل لانچ

عوام کی سہولت کے لیے بڑا قدم ، سپریم کورٹ کا نیا پبلک فسیلیٹیشن پورٹل لانچ

اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے عوام کی سہولت کے لیے ایک نیا پبلک فسیلیٹیشن پورٹل لانچ کیا ہے، جو چیف جسٹس آف پاکستان کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا۔ یہ پورٹل سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر "پبلک پورٹل" کے نام سے دستیاب ہے، اور اس کا مقصد عوام کو عدالتی معلومات اور خدمات تک آسان اور فوری رسائی فراہم کرنا ہے۔

پورٹل کے ذریعے لوگ اب اپنے مقدمات کی تفصیلات، کیس نمبر، درخواست کی نوعیت یا فریقین کے نام کے ذریعے تلاش کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، 1818 ہیلپ لائن کے ذریعے براہِ راست سپریم کورٹ سے رہنمائی اور تکنیکی مدد بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

ایک نیا "ایپلیکیشن سٹیٹس" سیکشن بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے مقدمات کی سماعت، التوا یا ویڈیو لنک درخواستوں کی تازہ ترین صورتحال کو آن لائن دیکھ سکتے ہیں۔ اس سے عدالتی نظام میں شفافیت آئے گی اور تاخیر میں کمی ہوگی۔

پورٹل میں عوامی شکایات اور تجاویز کے لیے ایک "فیڈبیک" سیکشن بھی موجود ہے، اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے "اوورسیز لٹیگنٹس پورٹل" بنایا گیا ہے تاکہ وہ بھی عدالتی عمل میں حصہ لے سکیں۔ اس کے علاوہ، بدعنوانی کی رپورٹ کرنے کے لیے بھی ایک علیحدہ نظام قائم کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام انصاف کو عوام کے قریب لانے اور انہیں کسی بھی جگہ سے عدالتی نظام تک رسائی فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

ٹیگز: