پاکستان کا سول سروس سسٹم آج بھی اپنے نوآبادیاتی ماضی کی چھاپ لیے ہوئے ہے۔ برصغیر کے دور میں جب انگریز نے ہندوستان میں حکمرانی کی، تو اس نے اپنی طاقت کو برقرار رکھنے کے لیے ایک مضبوط اور مرکزی بیوروکریسی قائم کی جسے Indian Civil Service (ICS) کہا جاتا تھا۔ ICS ایک ایسا نظام تھا جس میں افسران نہ صرف ضلع کے انتظامی سربراہ تھے بلکہ پولیس، عدلیہ، ریونیو اور ترقیاتی کام سب ان کے ماتحت تھے۔ انگریزوں نے یہ نظام خاص طور پر اس لیے بنایا تھا تاکہ وہ برصغیر کے عوام اور مقامی حکمرانوں کو براہِ راست قابو میں رکھ سکیں، اپنے تجارتی اور سیاسی مفادات کا تحفظ کرسکیں اور کسی بھی عوامی مزاحمت یا بغاوت کو فوری دبایا جا سکے۔ اس سسٹم میں افسران کو بے پناہ اختیار دیے گئے، اور ان کی بھرتی بھی انتہائی مشکل رکھی گئی تھی تاکہ عام ہندوستانی اس میں داخلہ حاصل نہ کر سکیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں Little Kings کہا جاتا تھا، کیونکہ ضلع کی سطح پر تمام طاقت انہی کے ہاتھ میں مرکوز تھی، اور مقامی لوگ ان کے فیصلوں کے محتاج تھے۔پاکستان کے قیام کے بعد، اسی نظام کو تقریباً جوں کا توں رکھا گیا۔ ابتدا میں اسے Civil Service of Pakistan (CSP) کے نام سے چلایا گیا اور پھر 1973 میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں اسے Central Superior Services (CSS) میں تبدیل کیا گیا، مگر حقیقت میں نہ ذہنیت بدلی نہ ڈھانچہ۔ آج بھی CSS افسران کو وہی نوآبادیاتی اثرورسوخ حاصل ہے، وہی DC اور AC کا ڈھانچہ قائم ہے، اور بے پناہ اختیارات تو ہیں مگر جوابدہی نہ ہونے کے برابر۔ نتیجہ یہ کہ عوام کا کام مشکل، رشوت کے مواقع زیادہ، اور قانون پر عمل درآمد پیچیدہ ہو چکا ہے۔ یہ بیوروکریسی عوام کے نمائندوں کے مقابلے میں زیادہ طاقت رکھتی ہے، جو جمہوری روح کے بھی خلاف ہے اور ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔نوآبادیاتی سسٹم کے اس تسلسل کو توڑنے کے لیے پاکستان کو ایک نئے اور عوام دوست نظام کی ضرورت ہے۔ ایسا نظام جو مہارت پر مبنی ہو، جوابدہ ہو، مقامی حکومت کو بااختیار بنائے، اور ڈیجیٹل گورننس کے ذریعے عوام کو سہولت فراہم کرے۔ دنیا میں کئی ایسے ماڈل موجود ہیں جن سے پاکستان سبق
لے سکتا ہے۔ان میں سب سے روشن مثال سنگاپور ہے، جہاں سول سروس مکمل طور پر میرٹ اور مہارت پر مبنی ہے۔ ہر افسر اپنے شعبے کا ماہر ہوتا ہےمعاشیات، قانون، صحت، ٹیکنالوجی یا انجینئرنگ۔ انہیں اسی شعبے میں تربیت دی جاتی ہے اور اسی میں ذمہ داری دی جاتی ہے۔ جنرل افسر کا تصور وہاں ختم ہو چکا ہے، اور نتیجہ یہ نکلا کہ بدعنوانی تقریبا صفر ہے، جبکہ حکومتی کارکردگی دنیا میں مثالی سمجھی جاتی ہے۔ پاکستان بھی اسی راستے پر چلتے ہوئے CSS کی جگہ Specialist Civil Service لا سکتا ہے، جس میں ہر شعبے کے لیے الگ امتحان ہو اور افسر صرف اپنے شعبے میں کام کرے، نہ کہ ہر چیز میں غیر ضروری مداخلت۔ اس طرح نہ صرف عوامی خدمات تیز ہوں گی بلکہ قانون کی پاسداری بھی مثر اور شفاف ہو جائے گی۔ترکی کا نظام بھی پاکستان کے لیے انتہائی مفید سبق دیتا ہے۔ وہاں انتظامی اختیارات منتخب میئرز اور مقامی کونسلوں کے پاس ہیں، جبکہ بیوروکریسی صرف معاون کا کردار ادا کرتی ہے۔ پولیس، بلدیاتی کام اور شہری خدمات سب میئر کے ماتحت ہیں۔ اس سے انتظام عوام کے قریب آ جاتا ہے اور قانون پر عمل درآمد آسان ہو جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی DC اور AC کے اختیارات کم کر کے انہیں منتخب شہری حکومت کے ماتحت کیا جا سکتا ہے، جیسا کہ جدید دنیا میں ہوتا ہے۔ جب منتخب نمائندے بااختیار ہوں گے تو عوام کے مسائل براہِ راست ان تک پہنچیں گے، بیوروکریسی کی طاقت حد میں رہے گی، اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے امکانات کم ہو جائیں گے۔ یورپی ممالک، خصوصاً فِن لینڈ، ڈنمارک اور ایسٹونیا میں سرکاری نظام تقریباً مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو چکا ہے۔ وہاں سرکاری دفتروں میں جانے کی ضرورت بہت کم ہے کیونکہ زیادہ تر کام آن لائن ہوتے ہیںزمین کے ریکارڈ، شناختی کارڈ، گاڑی کا لائسنس، پاسپورٹ، بل، عدالت کی تاریخیںسب کچھ چند کلکس میں مکمل ہو جاتا ہے۔ اس سے رشوت اور بدعنوانی کا دروازہ بند ہو جاتا ہے اور عوام کو قانون پر عمل کرنا آسان اور شفاف ہو جاتا ہے۔ پاکستان بھی اگر ڈیجیٹل گورننس کو مکمل طور پر اختیار کر لے تو بیوروکریسی کی ناکارہ پیچیدگیوں کے بغیر عوام کو سہولتیں براہِ راست میسر ہو سکتی ہیں۔ نوآبادیاتی نظام کی سب سے بڑی خرابی یہ ہے کہ اس نے افسر کو حاکم اور عوام کو ماتحت سمجھا۔ یہی ذہنیت آج بھی ہمارے سسٹم میں جابجا نظر آتی ہے۔ مگر ایک آزاد قوم کا نظام ایسا نہیں ہوتا۔ حقیقی آزادی تب آئے گی جب افسران حکمران نہیں بلکہ عوام کے خادم بنیں گے، قوانین سادہ اور واضح ہوں گے، مقامی حکومت بااختیار ہو گی، اور عوام کی سہولت اولین ترجیح ہو گی۔ اسی لیے پاکستان کو ایک Specialist National Civil Service کی ضرورت ہے، جس میں بھرتی انگریزی کے امتحان پر نہیں بلکہ حقیقی مہارت اور قابلیت پر ہو۔ ہر افسر کو اسی شعبے میں کام سونپا جائے جس کی وہ تعلیم رکھتا ہے۔ یوں ملک میں پالیسی سازی اور عمل درآمد دونوں بہتر ہوں گے اور عوام کو انصاف اور سہولت میسر آئے گی۔پاکستان کی تعمیر نو اسی وقت ممکن ہے جب ہم اعتراف کریں کہ موجودہ بیوروکریسی ہمارے مسائل کا حل نہیں بلکہ خود بڑی رکاوٹ ہے۔ ضلع کے بادشاہ نما افسر کا دور ختم ہونا چاہیے۔ DC، AC جیسے عہدوں کی طاقت محدود ہو، جبکہ منتخب مقامی حکومت کو اختیارات دیے جائیں۔ ڈیجیٹل نظام کا نفاذ تیز کیا جائے اور ہر شعبے میں مہارت کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں۔ یہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کو نوآبادیاتی زنجیروں سے آزاد کر سکتا ہے۔ مزید یہ کہ پاکستان میں عوام کی شمولیت اور تعلیم بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ عوامی شعور کے بغیر صرف اداروں میں اصلاحات مو¿ثر نہیں ہوں گی۔ لوگوں کو قانون کے بارے میں معلومات فراہم کرنا، خدمات کی رسائی آسان بنانا، اور عوامی مسائل کے حل میں شفافیت پیدا کرنا لازمی ہے۔ عوام کی رائے کو مدنظر رکھ کر پالیسی بنائی جائے اور افسران کی تربیت میں عوامی مسائل کی حساسیت شامل کی جائے۔ یہ سنگاپور، ترکی اور یورپی ممالک کے تجربات سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام کی شمولیت اور ڈیجیٹل گورننس دونوں ضروری ہیں تاکہ نظام مثر اور شفاف ہو۔وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اپنی سمت درست کرے اور ایک نئے دور کا آغاز کرےجہاں عوام طاقت کا سرچشمہ ہوں، افسر عوام کا خادم ہو، نظام شفاف ہو اور ریاست جدید تقاضوں کے مطابق چل سکے۔ عوام کے مسائل جلد حل ہوں، قانون پر عمل آسان ہو اور بیوروکریسی عوام کے حقوق کی پاسدار بنے نہ کہ حاکم۔ اسی لیے بنام فیلڈ مارشل یہ مطالبہ جائز اور ضروری ہے کہ نوآبادیاتی نظام مسمار کیا جائے۔