راولپنڈی :خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر دو الگ الگ آپریشنز کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 20 اور 21 نومبر کی درمیانی مدت میں انجام دی گئیں۔
بیان کے مطابق لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 10 خوارج ہلاک جبکہ ان کا ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں کیے گئے دوسرے انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن میں بھی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین خوارج کو ہلاک کردیا۔ حکام کے مطابق دونوں کارروائیاں کامیابی سے مکمل ہوئیں اور علاقوں کو کلیئر کر دیا گیا، جبکہ سرچ آپریشنز ابھی جاری ہیں۔