Wed, September 16, 2026

تیجس طیارہ دبئی ائیر شو میں گر گیا، بھارتی فضائیہ پر عوامی تنقید اور ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ

تیجس طیارہ دبئی ائیر شو میں گر گیا، بھارتی فضائیہ پر عوامی تنقید اور ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ

دبئی:دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ بھارتی ائیر فورس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق دو بج کر 10 منٹ پر گر گیا اور حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔

حادثے سے چند روز قبل ہی طیارے کے فیول ٹینک سے تیل کے رساؤ کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس نے طیارے کی سیکیورٹی پر سوالات پیدا کیے تھے۔

طیارہ گرنے کے بعد بھارتی عوام نے سوشل میڈیا پر فضائیہ پر سخت تنقید کی اور ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ ایک صارف نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کے لیے عالمی سطح پر توہین ہے اور ائیر فورس کے سربراہ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانا چاہیے۔ ایک اور صارف نے سوال کیا کہ اگر طیارے بنیادی ایروبیٹک اسٹنٹ بھی انجام نہیں دے سکتے تو پائلٹس کی تربیت اور قیادت کی کارکردگی پر تشویش کیوں نہ کی جائے۔

یہ دوسرا حادثہ ہے جو دو سال کے اندر تیجس طیارے کے ساتھ پیش آیا ہے۔ مارچ 2024 میں راجستھان کے جیسل میر میں بھی ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، لیکن اس میں پائلٹ محفوظ رہا۔

ٹیگز: