Wed, September 16, 2026

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پہلی تصویر منظر عام پر، تقریب مؤخر

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پہلی تصویر منظر عام پر، تقریب مؤخر

اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے رینک کے ساتھ پہلی باضابطہ تصویر جاری کر دی گئی ہے۔ تصویر میں وہ فوجی وردی میں ملبوس، کندھوں پر فیلڈ مارشل کے بیجز اور ہاتھ میں روایتی چھڑی تھامے دکھائی دے رہے ہیں، جب کہ چہرے پر سنجیدگی اور وقار نمایاں ہے۔

یہ اعزاز انہیں پاکستان میں اعلیٰ ترین عسکری خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ جنرل ایوب خان کے بعد جنرل عاصم منیر دوسرے آرمی چیف ہیں جنہیں فیلڈ مارشل کا رینک دیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل کے اعزاز میں آج ایوانِ صدر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہونا تھی جس میں وزیراعظم، وفاقی وزرا، اعلیٰ عسکری اور سول قیادت کی شرکت متوقع تھی۔ تاہم، بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملے کے باعث یہ تقریب جنرل عاصم منیر کی درخواست پر مؤخر کر دی گئی۔

حکام کے مطابق تقریب آئندہ مناسب وقت پر دوبارہ منعقد کی جائے گی۔فیلڈ مارشل کا رینک پاک فوج کا اعلیٰ ترین اور اعزازی عہدہ ہے جو عام طور پر غیر معمولی عسکری خدمات پر دیا جاتا ہے۔ یہ رینک بطورِ روایت کسی فعال کمان کی بجائے اعزازی اور تاریخی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔

ٹیگز: