Wed, September 16, 2026

رمضان کے دوسرے عشرے کا اختتام، اعتکاف کی تیاریاں مکمل

رمضان کے دوسرے عشرے کا اختتام، اعتکاف کی تیاریاں مکمل

لاہور : آج رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام ہو رہا ہے اور ملک بھر کی مساجد میں اعتکاف کے انتظامات آخری مراحل میں پہنچ چکے ہیں۔ اسلام آباد کی مساجد میں بھی اعتکاف کے لیے مکمل تیاری ہو چکی ہے، اور ہزاروں مسلمان آج سے اعتکاف میں بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

فیصل مسجد اور اسلام آباد کی دیگر مساجد میں اعتکاف کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں، جہاں فیصل مسجد میں 600 سے زیادہ افراد اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ فیصل مسجد کی انتظامیہ نے بتایا کہ اس سال بھی اعتکاف میں بیٹھنے والوں سے کوئی فیس نہیں لی گئی اور ان کے لیے کھانے پینے کا انتظام مسجد کے احاطے میں سٹالز کے ذریعے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، فیصل مسجد میں آخری عشرے میں قیام اللیل کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

لاہور میں داتا دربار میں اعتکاف کرنے والوں کی فہرست محکمہ اوقاف نے جاری کر دی ہے، جسے دربار کے احاطے میں آویزاں کیا گیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل نے بتایا کہ صرف وہ افراد جنہیں سپیشل برانچ سے کلیئرنس ملی ہے، ان کے نام فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ اس فہرست میں 1600 افراد کے نام شامل ہیں، اور ان کے لیے طعام و قیام کے انتظامات 4 سیکٹرز میں کیے گئے ہیں، جن میں ہر سیکٹر میں 102 کیبن ہوں گے۔ ہر فرد کے سیکیورٹی کارڈ پر اس کا کیبن نمبر درج ہوگا۔

ٹیگز: