اسلام آباد / واشنگٹن:مشرقِ وسطیٰ میں مستقل امن کے قیام کے لیے جاری عالمی کوششوں میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سفارتی و تکنیکی مذاکرات کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عمل میں پاکستان کی عسکری قیادت، بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کلیدی اور تعمیری کردار کو زبردست انداز میں سراہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ یہ عالمی امن کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دوراندیشی کے باعث ہی ان اہم مذاکرات کا انعقاد ممکن ہو سکا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے انتھک محنت کی ہے، اور ہم سب مل کر دنیا میں امن قائم کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب، تکنیکی مذاکرات کے باقاعدہ آغاز سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک بہترین سپہ سالار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امن کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ نائب صدر جے ڈی وینس کا مزید کہنا تھا کہ عالمی امن کے اس پورے عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو دنیا بھر میں مانا اور سراہا گیا ہے۔