Wed, September 16, 2026

جتنا مضبوط پاکستان ہوگا، اتنا ہی آزاد کشمیر مضبوط ہوگا:مریم نواز

جتنا مضبوط پاکستان ہوگا، اتنا ہی آزاد کشمیر مضبوط ہوگا:مریم نواز

مظفرآباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ان کے لیے محبت اور تعلق کا رشتہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود کو خون، نسل، روح اور دل و دماغ سے کشمیری سمجھتی ہیں، جبکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی محبت، دعاؤں اور نیک خواہشات کو ہمیشہ یاد رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد ان کے لیے اجنبی جگہ نہیں بلکہ اپنائیت کا مقام ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی تو عوام کو کئی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر میں بڑے ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں شروع کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صرف وعدوں کے ساتھ نہیں بلکہ پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی لے کر عوام کے سامنے آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور کیے گئے وعدوں کی تکمیل پر یقین رکھتی ہے۔

مریم نواز نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھمانے والے ان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ الزام تراشی کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا مضبوط پاکستان ہوگا، اتنا ہی آزاد کشمیر مضبوط ہوگا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

ٹیگز: