کوئٹہ :کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوئٹہ کے نواحی علاقے دشت میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، جن میں کمسن بچے مصور کاکڑ کا قتل بھی شامل ہے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی ٹیم کے ہمراہ ایک گرفتار ملزم بھی موجود تھا، جسے دشت میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کے لیے لایا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزمان نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تینوں دہشت گرد مارے گئے، جن میں گرفتار ملزم بھی شامل تھا، جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد قتل، اقدام قتل، اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔