Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ مریم نواز سے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی ملاقات، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ مریم نواز سے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی ملاقات، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کی ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

ملک ظہیر اقبال چنڑ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں روڈز کی تعمیر و بحالی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ "مریم نواز کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے"۔ انہوں نے جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولتوں کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی شکریہ ادا کیا، خاص طور پر بہاولپور میں برن سنٹر کے قیام کو عوام کے لیے ایک بہترین قدم قرار دیا۔

ڈپٹی سپیکر نے "فیلڈ ہسپتال"، "کلینک آن ویل" اور "مریم نواز ہیلتھ کلینک پراجیکٹ" جیسے عوام دوست منصوبوں کو پنجاب کی صحت کی سہولتوں میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

اس ملاقات میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تمام شہروں کی یکساں ترقی کے ویژن کو "گیم چینجر" قرار دیا گیا۔ ایئر ایمبولنس سروس، فیلڈ ہسپتالز اور تجاوزات کے خاتمے کے اقدامات کو بھی اہم قرار دیا۔

اس موقع پر ایک اور اہم فیصلہ کیا گیا جس میں بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کو سول ہسپتال کے قریب تعمیر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس منصوبے کا تفصیلی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب کی ترقی میرے دل کے بہت قریب ہے"۔

وزیراعلیٰ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ "جنوبی پنجاب کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانا ہماری حکومت کی ترجیح ہے اور عوامی فلاحی فیصلے میرے وژن کا حصہ ہیں"۔

ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اس ملاقات کے اختتام پر کہا کہ "وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حقیقی ترقی کی طرف گامزن ہے اور عوامی مفاد کے فیصلے حکومت کی پہچان ہیں"۔

ٹیگز: