ڈیووس :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشکل معاشی حالات پر قابو پا لیا ہے اور اب ملک معاشی استحکام کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی شعبے کے اشاریوں میں بہتری کے لیے حکومت مربوط اور مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ وہ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیووس میں ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے ملکی نظام میں اہم اور بنیادی نوعیت کی اصلاحات نافذ کی ہیں، جن کے نتیجے میں ریونیو کلیکشن سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے۔ ان اصلاحات سے شفافیت بڑھی اور محصولات کے نظام کو مؤثر بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں قدرتی وسائل موجود ہیں جو ترقی کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معدنیات کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری ہو رہی ہے جو ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات مضبوط ہیں جبکہ امریکا کے ساتھ بھی معاشی روابط کو وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے اصلاحاتی عمل جاری رکھے گی۔