اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں خطے کی سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کو فوری طور پر آپریشنل کیا جا رہا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جی بی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت سی ٹی ڈی کو جدید ٹیکنالوجی اور جدید ترین اسلحہ فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ ملاقات میں آئندہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی پلان پر بھی اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی سکیورٹی اور ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ "جی بی انتظامیہ کی تمام ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا تاکہ عوام کو محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں وفاق اور صوبے کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔