گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں اور آج انتخابی مہم کا آخری روز ہے۔ آج رات 12 بجے کے بعد ضابطہ اخلاق کے تحت ہر قسم کی سیاسی مہم پر پابندی ہوگی، جس کے بعد اتوار کو پولنگ کا عمل شروع ہوگا۔
مہم کے آخری دن تمام جماعتوں نے ووٹرز کو قائل کرنے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں لگا دی ہیں۔چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے مختلف حلقوں میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری آج گلگت میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کر کے مہم کا اختتام کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آج سکردو میں بڑا انتخابی جلسہ شیڈول ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) بھی سکردو میں ہی ایک بڑی انتخابی ریلی نکال کر اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔