Wed, September 16, 2026

سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ

سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : وزارت توانائی نے ملک میں تمام سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی کو تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس میں نیٹ بلنگ کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

نیپرا کے ذرائع کے مطابق، وزارت توانائی نے مختلف سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت، سولر صارفین کو فی یونٹ 11 روپے کی قیمت ملے گی۔ پچھلی پالیسی میں سولر صارفین کو 25 روپے 98 پیسے فی یونٹ ملتے تھے۔

پالیسی میں ایک اور تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ سولر صارفین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی مدت 5 سال کر دی گئی ہے۔ نئے نیٹ بلنگ سسٹم کے تحت، صارفین کو اضافی سرچارج کی بجائے فی یونٹ کی بنیاد پر تبادلہ ملے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو یونٹس سولر سے پیدا ہوں گے، ان کی قیمت نیپرا کے مقرر کردہ ریٹ کے مطابق ہوگی، اور جو یونٹس صارفین استعمال کریں گے، ان کا ریٹ بھی نیپرا ٹیرف کے مطابق ہوگا۔

مزید برآں، 25 کلو واٹ سے کم لوڈ کے لیے نیپرا سے لائسنس لینا ضروری ہوگا۔ اس سے پہلے 25 کلو واٹ تک کے لوڈ والے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو لائسنس کی ضرورت نہیں تھی۔

وزارت توانائی نے یہ فیصلہ کئی ماہ کی مشاورت کے بعد کیا ہے، اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ نئی پالیسی ملک بھر میں سولر توانائی کے استعمال کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری تھی۔

ٹیگز: