ممبئی : بھارتی ڈانسر اور اداکارہ نورا فتحی ایک خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئیں جس نے ان کے مداحوں کو گہری تشویش میں مبتلا کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب نورا فتحی اپنی ٹیم کے ہمراہ امریکا کے مشہور ڈی جے ڈیوڈ گوئٹا کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہی تھیں۔ ایک تیز رفتار گاڑی نے ان کی گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی، جس سے گاڑی کا بایاں حصہ شدید متاثر ہوا۔
نورا فتحی پچھلی سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھیں اور ٹکر کے باعث ان کا سر اگلی سیٹ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں شدید زخمی ہونے کے بعد فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں ان کا سی ٹی سکین کیا گیا اور ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ ان کے دماغ کو اندرونی جھٹکا لگا ہے اور انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا۔
تاہم، اس تمام صورت حال کے باوجود نورا فتحی نے ڈاکٹروں کے مشورے کو نظرانداز کرتے ہوئے ہسپتال سے فوراً ڈسچارج ہو کر "سن برن فیسٹیول 2025" میں شرکت کی اور سٹیج پر پرفارم کیا۔ ان کی پیشہ ورانہ ہمت اور عزم کو دیکھتے ہوئے مداحوں نے انہیں "آئرن لیڈی" کا خطاب دیا۔