لاہور :لاہور کی سیشن عدالت نے یوٹیوبر ڈکی بھائی (سعد الرحمٰن) کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 30 اگست تک ان کی گرفتاری سے روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
عروب جتوئی نے سوشل میڈیا پر آن لائن جوا کھیلنے والی ایپلی کیشنز کی تشہیر سے متعلق کیس میں گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دی تھی۔ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت دے دی۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے انہیں 20 اگست کو تفتیش کے لیے گلبرگ، لاہور کے دفتر میں طلب کیا تھا۔ وکیل کے مطابق عروب کو ایک روز قبل طلب کر کے دو گھنٹے غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا اور ان کا فون بھی ضبط کر لیا گیا تھا۔
بدھ کے روز ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا اور ڈیڑھ گھنٹے تک تفتیش جاری رہی۔واضح رہے کہ یوٹیوبر ڈکی بھائی کو 17 اگست کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر بیٹنگ اور جوا کھیلنے والی ایپس کی تشہیر کی، جس کے باعث متعدد شہریوں کو مالی نقصان پہنچا۔
ڈکی بھائی اور عروب جتوئی کی شادی 2022 میں ہوئی تھی، جبکہ 2024 میں جوڑا اسلحہ کی نمائش پر بھی پولیس کی حراست میں آ چکا ہے۔