لاہور: برصغیر کے مسلمانوں کو خوابِ غفلت سے جگانے والے عظیم مفکر اور شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی 88 ویں برسی پر ملک بھر میں عقیدت کی لہر دوڑ گئی۔ سرکاری اور عوامی سطح پر منعقدہ تقاریب میں حکیم الامت کی فکری و سیاسی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "اقبال کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کی نئی روح پھونکی۔" انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں درپیش مسائل کا حل اقبال کے فلسفہ خودی میں پنہاں ہے۔
محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ اقبال کا کلام کسی ایک دور کے لیے نہیں بلکہ ہمیشہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ امتِ مسلمہ کو متحد کرنے کے لیے فکرِ اقبال کی ترویج وقت کی ضرورت ہے۔ برسی کے موقع پر مقررین نے کہا کہ اقبال کا 'شاہین' جہدِ مسلسل اور خودداری کی علامت ہے، جو موجودہ نسل کے لیے کامیابی کا واحد راستہ ہے۔
برسی کی مناسبت سے مزارِ اقبال پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے مزار پر حاضری دی اور اس عظیم لیڈر کو یاد کیا جس نے پاکستان کا تصور پیش کر کے مسلمانوں کی تقدیر بدل ڈالی۔