Wed, September 16, 2026

سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی فراہمی مکمل: سٹیٹ بینک کو آخری قسط موصول

سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی فراہمی مکمل: سٹیٹ بینک کو آخری قسط موصول

اسلام آباد : پاکستان کی معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری، سعودی عرب نے مالی تعاون کے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے 1 ارب ڈالر کی آخری قسط اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو منتقل کر دی ہے۔ اس منتقلی کے بعد سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی نئی مالی امداد کا حجم 3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
 سعودی وزارت خزانہ نے 15 اپریل کو 2 ارب ڈالر کی منتقلی کے بعد اب بقایا 1 ارب ڈالر بھی فراہم کر دیے ہیں۔
 اس رقم کی آمد کے بعد اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر دو سال کی بلند ترین سطح کی جانب گامزن ہیں۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق، اس پیشرفت سے انٹربینک مارکیٹ میں روپے پر دباؤ کم ہوگا اور اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے نہ صرف یہ نئی نقد رقم فراہم کی ہے، بلکہ اس سے قبل دیے گئے 5 ارب ڈالر کے پرانے ڈپازٹس کی مدت میں بھی ایک سال کی توسیع کر دی ہے، جس سے پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں بڑی سہولت میسر آگئی ہے۔
سعودی عرب کا یہ اقدام آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی روشنی میں "بیرونی فنانسنگ" کی شرط کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سے عالمی مالیاتی اداروں کو یہ پیغام گیا ہے کہ پاکستان کو اپنے برادر ممالک کی بھرپور مالی حمایت حاصل ہے۔

ٹیگز: