Wed, September 16, 2026

اقبال صرف شاعر نہیں، ایک رہنما تھے ، وزیراعظم شہباز شریف

اقبال صرف شاعر نہیں، ایک رہنما تھے ، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد  : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال صرف ایک عظیم شاعر نہیں تھے، بلکہ ایک صاحبِ بصیرت رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ شناخت، نظریہ اور منزل دی۔

اقبال کے یومِ وفات پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اقبال کا فلسفۂ خودی اور ان کی شاعری نے مسلمانوں کو بیدار کیا اور انہیں اس قابل بنایا کہ وہ ایک آزاد وطن کا خواب دیکھ سکیں۔ ان کے پیش کیے گئے نظریے کو قائداعظم نے عملی جامہ پہنایا، اور یوں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو صرف سیاسی سطح پر نہیں، بلکہ فکری، اخلاقی اور روحانی طور پر بھی جگایا۔ آج جب پاکستان کو اندرونی انتشار، معاشی مشکلات اور عالمی دباؤ کا سامنا ہے، تو ہمیں اقبال کی تعلیمات سے رہنمائی لینی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقبال کا پیغام ہمیں خود اعتمادی، محنت، علم اور یقین کی طاقت دیتا ہے۔ ہمیں ان کے فلسفے کو اپناتے ہوئے معاشی خود کفالت، قومی اتحاد اور انصاف پر مبنی معاشرے کی طرف بڑھنا ہوگا۔

نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقبال نے ہمیشہ نوجوانوں کو قوم کی اصل طاقت کہا۔ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے خواب کو سمجھیں، تعلیم حاصل کریں اور ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کریں۔ اپنے پیغام کے آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اقبال کے نظریات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے اور ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جو مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ ہو۔

ٹیگز: