بیجنگ: پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی تعلقات کے فروغ کے لیے عظیم دیوارِ چین کے تاریخی مقام بادالنگ پر پہلا مشترکہ فیشن شو منعقد کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے معروف ڈیزائنرز نے حصہ لیا۔
تقریب کا اہتمام پاکستانی سفارتخانے اور چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے اشتراک سے کیا گیا، جس کا مقصد دونوں دوست ممالک کے درمیان تخلیقی تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
فیشن شو میں پاکستانی ڈیزائنرز ماہین خان، معظّم عباسی، عائشہ طارق، رضوان اللہ اور زین ہاشمی نے اپنی تخلیقات پیش کیں، جب کہ چینی ڈیزائنر لیانگ سُو یون کے ملبوسات بھی توجہ کا مرکز رہے۔
ماڈلز نے اجرک، پھولوں کے نقش و نگار اور روایتی طرز کے جدید ملبوسات کے ساتھ واک کی۔ پاکستانی ڈیزائنر عقیل چوہدری کے زیورات بھی نمائش کا حصہ تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ عظیم دیوار پر فیشن شو پاک چین ثقافتی رشتے کو جدید طرز میں خراجِ تحسین پیش کرنے کی ایک منفرد کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ صدر ایوب خان کے تاریخی دورۂ چین کو 60 سال مکمل ہو چکے ہیں۔
لونگ یوشیانگ، چیئرمین چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر نے کہا کہ یہ فیشن شو دونوں ممالک کی گہری دوستی، تہذیبی رشتوں اور مشترکہ خوابوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایسے مزید تخلیقی پروگرامز سے دوستی کا رشتہ اور مضبوط ہو گا۔