ہانگ کانگ: ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیر کی صبح ایک افسوسناک حادثے میں ترکش ایئرلائن کا کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا، جس کے نتیجے میں ایئرپورٹ سیکیورٹی کی گشت پر مامور گاڑی میں سوار دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔
حادثہ صبح 3:50 بجے پیش آیا جب بوئنگ 747 ماڈل کا کارگو طیارہ رن وے 07L پر اترنے کی کوشش کر رہا تھا۔ لینڈنگ کے دوران طیارہ اچانک توازن کھو بیٹھا اور بائیں جانب پھسل گیا، جس سے وہ رن وے کے قریب موجود سیکیورٹی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ گاڑی میں موجود ایک اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔
طیارے میں موجود چار رکنی عملہ حادثے میں مکمل طور پر محفوظ رہا، اور کسی قسم کی چوٹ یا نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔ ایئرلائن کے مطابق طیارہ خالی تھا اور اس پر نہ کوئی مسافر سوار تھا اور نہ ہی کوئی مال لدا ہوا تھا۔
ہانگ کانگ ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق شمالی رن وے کو حفاظتی معائنہ مکمل ہونے تک بند رکھا گیا ہے، تاہم باقی رن ویز پر پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
ایئرپورٹ حکام نے حادثے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جس میں طیارے کی تکنیکی حالت، موسم، رن وے کی صفائی اور پائلٹ کے اقدامات کو شامل کیا جائے گا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لینڈنگ سے قبل کسی تکنیکی خرابی کی اطلاع نہیں دی گئی تھی، اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق پرواز کا عمل معمول کے مطابق تھا۔
یہ حادثہ ہانگ کانگ ایئرپورٹ کی تاریخ میں ایک اہم سانحہ سمجھا جا رہا ہے، جس نے ہوائی اڈے کی سیکیورٹی اور آپریشنل پالیسیوں پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔