Wed, September 16, 2026

روس کی پاکستان، بھارت اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش

روس کی پاکستان، بھارت اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش

ماسکو : روس نے پاکستان، بھارت اور افغانستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ روسی سفیر البرٹ خوریف نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر افغانستان کی حالت روس کے لیے ایک حساس معاملہ ہے۔ خوریف نے کہا کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک، بھارت اور افغانستان کے ساتھ کشیدگی کو کم کرنے میں روس اپنی مکمل مدد فراہم کرے گا۔

سفیر نے یہ بھی کہا کہ جنوبی ایشیا میں بڑھتے ہوئے تناؤ میں بیرونی طاقتوں کا ہاتھ بھی ہے، جس نے خطے میں امن کو متاثر کیا ہے۔ تاہم، روس کا موقف ہے کہ ایسے مسائل کو حل کرنے کے لیے بنیادی طور پر علاقائی ممالک کو ہی آگے آنا چاہیے۔

انہوں نے پاکستان کو اپنے اہم شراکت دار کے طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اور سفارتی اہمیت خطے کے امن کے لیے نہایت اہم ہے۔ ساتھ ہی روس نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

یہ بیان اس وقت آیا ہے جب پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید گرمجوشی کی توقع کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: