اسلام آباد: اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان پاکستان کے اہم سرکاری دورے پر وفاقی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔
نور خان ایئر بیس پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے معزز مہمان کا خود استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ایئر بیس پر پرنس رحیم آغا خان کو روایتی گلدستے پیش کیے گئے اور ملک آمد پر خوش آمدید کہا گیا۔
ذرائع کے مطابق پرنس رحیم آغا خان اپنے اس دورے کے دوران صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کے بنیادی نکات درج ذیل ہیں۔
آغا خان ڈولپمنٹ نیٹ ورک کے تحت پاکستان میں جاری سماجی و اقتصادی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ۔ گلگت بلتستان، چترال اور ملک کے دیگر حصوں میں تعلیم، صحت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینا۔پاکستان میں ماحولیاتی چیلنجز اور گرین انرجی کے شعبے میں مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال۔
حکومتِ پاکستان اور آغا خان خاندان کے درمیان تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی، خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں آغا خان نیٹ ورک کا کردار ہمیشہ کلیدی رہا ہے، اور پرنس رحیم آغا خان کا یہ دورہ ان روابط کو مزید مستحکم کرے گا۔