Wed, September 16, 2026

پاکستان کبھی نہیں جھکا، شہادت ہمارے لیے فخر کی بات ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان کبھی نہیں جھکا، شہادت ہمارے لیے فخر کی بات ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نہ کبھی کسی کے سامنے جھکا ہے، نہ جھکے گا۔ ہماری قوم اور فوج کے لیے شہادت سب سے بڑا اعزاز ہے، اور ہم زندگی سے زیادہ شہادت کی خواہش رکھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات چائنہ میڈیا گروپ کو ایک خصوصی انٹرویو میں کہی، جہاں انہوں نے بھارت کے ساتھ کشیدگی، پاک چین تعلقات اور خطے میں امن و سلامتی کے حوالے سے گفتگو کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے ممالک کو چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن جو قومیں بڑی سوچ رکھتی ہیں وہ انسانیت، امن اور ترقی کو اہمیت دیتی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور چین ایسے ہی ذمہ دار ممالک ہیں جو اپنے عوام کی فلاح اور خطے کے امن کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا اصل مقصد ترقی کو روکنا ہے، اور پاکستان اس ناسور کے خلاف مسلسل لڑ رہا ہے تاکہ ملک میں امن قائم رہے۔ انہوں نے چین کی تیز رفتار ترقی کو دنیا کے لیے ایک مثال قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی عوام بھی چاہتے ہیں کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان کی اصل کامیابی جنگ جیتنا نہیں بلکہ امن قائم کرنا ہے۔ آج پاکستانی قوم سڑکوں پر امن کی خوشی منا رہی ہے، اور یہی ہماری اصل جیت ہے۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ "ہم عاجزی سے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم امن کے علمبردار ہیں، اور ان شاء اللہ پاکستان جلد ترقی اور استحکام کی نئی منزلیں حاصل کرے گا۔"

ٹیگز: