Wed, September 16, 2026

برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیل کو وارننگ: کارروائیاں نہ رکیں تو پابندیاں لگیں گی

برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیل کو وارننگ: کارروائیاں نہ رکیں تو پابندیاں لگیں گی

پیرس: برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے اسرائیل کو سخت پیغام دیا ہے کہ اگر اس نے غزہ میں جاری فوجی کارروائیاں بند نہ کیں اور امدادی سامان کی ترسیل پر لگی پابندیاں نہ ہٹائیں، تو وہ اسرائیل کے خلاف پابندیاں عائد کر سکتے ہیں۔

تینوں ممالک کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے عام شہریوں کو انسانی امداد سے محروم رکھنا ناقابل قبول ہے، اور یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع کی بھی مخالفت کی جائے گی، اور اگر ضرورت پڑی تو ان اقدامات پر ٹارگٹڈ پابندیاں بھی لگائی جا سکتی ہیں۔

یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں تین ماہ سے جاری مکمل ناکہ بندی کی وجہ سے انسانی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ غذائی قلت، طبی سہولیات کی کمی اور بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی نے صورتحال کو خطرناک بنا دیا ہے۔

ادھر، کرم ابو سالم کراسنگ کے ذریعے بالآخر آج 5 امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے، جن میں بچوں کی خوراک اور دیگر ضروری امدادی سامان شامل ہے۔ اقوام متحدہ نے اس پیش رفت کو مثبت قرار دیا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ موجودہ بحران سے نمٹنے کے لیے اس سے کہیں زیادہ امداد درکار ہے.

ٹیگز: