کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کو اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی اے وی سی سی انیل حیدر کے مطابق، پولیس نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے خیابان مومن فیز 5 میں سٹریٹ 7، بنگلہ نمبر 35 میں کارروائی کی اور کامران قریشی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 200 گرام آئس، ایک 9 ایم ایم پستول، 2 میگزین اور 10 گولیاں برآمد ہوئیں۔ ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ملزم کے خلاف منشیات کے قوانین اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ مصطفیٰ عامر 6 جنوری کو اغوا ہوئے تھے، اور 8 فروری کو پولیس نے ملزم ارمغان کو گرفتار کیا تھا جس نے دوران تفتیش اعتراف کیا تھا کہ اس نے مصطفیٰ کو اغوا کرنے کے بعد جلا دیا تھا۔