Wed, September 16, 2026

عدالتوں کا کام حکومت چلانا نہیں، انصاف فراہم کرنا ہے:جسٹس جمال مندوخیل

عدالتوں کا کام حکومت چلانا نہیں، انصاف فراہم کرنا ہے:جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد:  سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے واضح کیا کہ عدالتوں کا مقصد حکومتیں چلانا نہیں ہے، بلکہ صرف انصاف کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب عدالتیں حکومتوں کو چلایا کرتی تھیں، لیکن آج ان کا کام صرف قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہے۔

ان ریمارکس کا اظہار جسٹس جمال مندوخیل نے اس وقت کیا جب سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے اقلیتوں کے تحفظ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ملزمان کو ضمانتیں مل چکی ہیں اور تفتیش میں سقم ہیں، جس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ اگر ضمانت ہوئی ہے تو متعلقہ فورم پر اس کی منسوخی کے لیے درخواست دائر کی جا سکتی ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے مزید کہا کہ وہ ٹرائل کے عمل میں مداخلت نہیں کر سکتے اور بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا ذکر کرنے والے وکیل کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں ان معاملات کا حل شامل ہے، اور عالمی سطح پر حکومت کے خلاف بات کرنا کوئی فائدہ نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ ٹرین پر دہشت گردی کے واقعہ میں اگر کسی کی غفلت سامنے آتی ہے تو پورے ریاستی مداخلت کا الزام نہیں لگایا جا سکتا۔ کیس کی سماعت پانچ ہفتوں تک ملتوی کر دی گئی۔

ٹیگز: