اسلام آباد: آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کالعدم ایکشن کمیٹی کے کردار پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے اور حالیہ صورتحال کی مذمت کی ہے۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ حالیہ حالات کے نتیجے میں تین سے چار ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، تاہم بروقت اقدامات کے باعث صورتحال کو مزید بگڑنے سے روک لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے تمام مراحل میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کے رہنما شاہ غلام قادر نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی نے کشمیری عوام کو اشتعال دلانے اور بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے مسائل کے اظہار کا حق حاصل ہے، مگر تشدد اور انتشار کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ رہنماؤں نے زور دیا کہ مسائل کا حل صرف پرامن اور آئینی طریقہ کار کے تحت ہی ممکن ہے۔