گلگت: پاکستان کی 8 باہمت خواتین کوہ پیماؤں نے 6 ہزار 400 میٹر بلند خسرگنگ چوٹی پر کامیابی سے پہنچ کر ملک کی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قائم کر دیا۔
وادئ شگر میں الپائن کلب آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی دوسری خواتین خسرگنگ مہم اختتام پذیر ہو گئی۔ الپائن کلب کے مطابق کامیاب ٹیم میں ملک کے مختلف علاقوں بشمول گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی کوہ پیما شامل تھیں۔
اس مہم کی سربراہی معروف کوہ پیما بی بی افزون نے کی، جنہوں نے ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے مشکل مرحلے کامیابی سے عبور کیے۔
مہم کے دوران تجربہ کار ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سدپارہ، صادق حسین سدپارہ اور الیاس ہشے نے تکنیکی رہنمائی فراہم کی، جبکہ چوٹی پر راستہ بنانے اور حفاظتی انتظامات کے لیے روپ فکسنگ کی ذمہ داری قائد شگری نے سنبھالی۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے کامیاب مہم پر تمام خواتین کوہ پیماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی خواتین کے مضبوط عزم، حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خسرگنگ چوٹی کو سر کرنا ملک میں خواتین کی کوہ پیمائی کے فروغ کے حوالے سے ایک نمایاں کامیابی ہے، جو مستقبل میں مزید خواتین کو اس شعبے میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
ایاز شگری کا کہنا تھا کہ الپائن کلب آف پاکستان خواتین کوہ پیماؤں کی حوصلہ افزائی اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے آئندہ بھی مواقع فراہم کرتا رہے گا۔