Wed, September 16, 2026

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے ایک سالہ متعدد سفری ویزا متعارف کرا دیا

سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے ایک سالہ متعدد سفری ویزا متعارف کرا دیا

ریاض: سعودی عرب نے عمرہ کرنے والے افراد کے لیے ایک نئی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ایک سال کی مدت پر مشتمل ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا جاری کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بتایا کہ اس ویزے کے حامل افراد ایک سال کے دوران کئی مرتبہ سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔

وزارت کے بیان کے مطابق نئے ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا کے تحت زائرین کو ایک سال کے عرصے میں مجموعی طور پر 90 دن تک قیام کی اجازت حاصل ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کے لیے سفری معاملات کو مزید سہل بنانا اور مذہبی سیاحت کے فروغ میں مدد فراہم کرنا ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب نے عمرہ ویزا حاصل کرنے والے زائرین کے لیے لازمی کھانے کے اخراجات کو ویزا فیس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا ابتدائی مرحلہ پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر سے آنے والے زائرین کے لیے ہوگا۔

نئی ترتیب کے مطابق ہر عمرہ زائر سے روزانہ تقریباً 20 سعودی ریال نسک میل واؤچر کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم الگ سے وصول کرنے کے بجائے براہ راست عمرہ ویزا فیس کا حصہ بنائی جائے گی، جس طرح نسک پلیٹ فارم کے ذریعے ضروری ٹرانسپورٹ سہولت کی فیس شامل کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ نیا نظام یکم ربیع الاول سے نافذ العمل ہوگا، جبکہ زائرین کو کھانے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 10 ہزار سے زیادہ ریستورانوں کو نسک ایپ کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت ہر عمرہ زائر کو ویزا جاری ہونے سے پہلے ایک خصوصی بی آر این میل کوڈ دیا جائے گا، جو اس کے ویزا ریکارڈ کے ساتھ منسلک ہوگا۔ زائرین اپنے قیام کے دوران اسی کوڈ کے ذریعے مقررہ اور منظور شدہ ریستورانوں سے کھانے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق میل واؤچر کی رقم زائر کے قیام کی مدت کے مطابق مقرر کی جائے گی، جبکہ ویزا جاری کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق بھی کی جائے گی۔ یہ اقدام عمرہ زائرین کے لیے سہولیات بہتر بنانے اور سفر کے عمل کو مزید منظم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
 
 
 
 

ٹیگز: