Wed, September 16, 2026

 پاکستان ریلویز میں اصلاحات اور جدید کاری کا عمل تیز، وزیراعظم نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کا حکم دے دیا

 پاکستان ریلویز میں اصلاحات اور جدید کاری کا عمل تیز، وزیراعظم نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کا حکم دے دیا

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز ٹرانسفارمیشن پلان پر اہم اجلاس ہوا، جس میں ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں اور ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلویز عوام کے لیے سفر اور مال برداری کا ایک کم لاگت اور مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ریلوے نظام ملکی معیشت، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعظم نے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن اور لاجسٹکس کے شعبے میں بہتری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔

اجلاس میں ایم ایل ون، ایم ایل تھری، تھر کول ریل کنیکٹویٹی اور دیگر اہم منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ایم ایل ون کے لیے انجینئرنگ ڈیزائن مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ ایم ایل تھری کی اپ گریڈیشن پی ایس ڈی پی اور برج فنانسنگ کے تحت کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھر کول ریل کنیکٹویٹی منصوبے پر 60 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور اسے دسمبر تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ریلوے میں اصلاحات کے لیے عالمی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جبکہ ریلوے کے ماتحت اسکولوں اور اسپتالوں کی آؤٹ سورسنگ بھی مکمل کرلی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ 6 بڑے ریلوے اسٹیشنز کی کمرشلائزیشن کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے ریلوے کے شعبے میں بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ٹیگز: