اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے برآمدات میں اضافہ اور درآمدات پر انحصار کم کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چند ہفتوں میں مالی مشیروں کے انتخاب کے لیے باضابطہ تجویز جاری کی جائے گی۔ حکومت مختلف مالی آلات کے اجرا پر غور کر رہی ہے، جن میں ڈالر، یورو، اسلامی سکوک بانڈ اور پاکستان کا پہلا پانڈا بانڈ شامل ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان چار سال کے وقفے کے بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپس جا رہا ہے، اور عالمی سرمایہ کاروں کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی، بہتر شرح سود، مالی خسارہ اور کرنٹ اکاؤنٹ میں بہتری کے بعد روپے پر فوری دباؤ نہیں ہے۔ ترسیلات زر اور سروسز کی برآمدات میں اضافہ بھی دیکھنے کو ملا ہے۔
علاوہ ازیں، حکومت سرکاری اداروں کی نجکاری اور ٹیکس نیٹ کو بڑھانے سمیت دیگر اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے پائیدار ترقی حاصل کی جائے گی اور ادائیگیوں کے بحران سے بچا جا سکے گا۔