Wed, September 16, 2026

امریکا ایران ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے پاکستان متحرک: وزیراعظم کی زیرِ صدارت تہران کو منانے کے لیے بڑی بیٹھک

امریکا ایران ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے پاکستان متحرک: وزیراعظم کی زیرِ صدارت تہران کو منانے کے لیے بڑی بیٹھک

اسلام آباد: ایران کی جانب سے اسلام آباد مذاکرات میں شرکت سے حالیہ معذرت کے بعد پیدا ہونے والے سفارتی بحران کو حل کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے خود میدان سنبھال لیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کے لیے خصوصی لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔
 وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو امریکی اور ایرانی سفیروں کے ساتھ ہونے والی اپنی اہم ملاقاتوں پر اعتماد میں لیا اور دونوں ممالک کے درمیان موجود 'اعتماد کے فقدان' کو ختم کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔
 نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر سینیئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی، جہاں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے 'واحد اور موثر ثالث' کے طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے ایران کے ساتھ براہِ راست رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کے تحفظات دور کر کے اسلام آباد میں ہونے والے دوسرے دورِ مذاکرات کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کو اپنی ترجیح سمجھتا ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان پل کا کردار ادا کریں تاکہ عالمی اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔

ٹیگز: