تہران : ایران نے امریکی فورسز کی جانب سے اپنے بحری جہاز کو قبضے میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے واشنگٹن کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی ہے۔ ایرانی عسکری قیادت نے اس واقعے کو بین الاقوامی سمندری قوانین کی تذلیل اور "ریاستی ڈکیتی" قرار دیا ہے۔
ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر نے اپنے ایک ہنگامی بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوج کی اس بزدلانہ کارروائی کا بدلہ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اور یہ جوابی کارروائی بہت جلد عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان ایرانی افواج ابراہیم ذوالفقاری نے عالمی میڈیا کو بتایا کہ امریکی فورسز نے ایرانی جہاز پر قبضے کے دوران نہ صرف اشتعال انگیزی کی بلکہ جہاز پر براہِ راست فائرنگ بھی کی، جس سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔
ترجمان نے مزید واضح کیا کہ امریکہ کا یہ رویہ خطے میں موجود سیز فائر معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور امریکہ نے اس حملے کے ذریعے امن کی تمام کوششوں کو سبوتاژ کر دیا ہے۔