کراکس :وینزویلا پر امریکی فوجی حملے اور مبینہ ملٹری آپریشن کے بعد صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے متعلق خبروں پر ملک کی نائب صدر دَلسی رودریگیز کا ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق نائب صدر دَلسی رودریگیز نے سرکاری ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو تاحال صدر نکولس مادورو اور خاتونِ اوّل سیلیا فلورس کی موجودگی یا حالت سے متعلق کوئی تصدیق شدہ معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے مسلسل رابطے میں ہیں اور صدر اور ان کی اہلیہ کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، تاہم صورتحال بدستور غیر واضح ہے۔
نائب صدر نے امریکی فوجی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام وینزویلا کی خودمختاری پر سنگین حملہ ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کے زندہ ہونے کے ثبوت دنیا کے سامنے لائے جائیں۔
دَلسی رودریگیز کے مطابق امریکی حملے کے نتیجے میں مختلف علاقوں سے سرکاری اہلکاروں، فوجیوں اور عام شہریوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس کے باعث ملک میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔