کراچی : ملک میں پانی کی تقسیم کے حوالے سے پیدا ہونے والے کینالز کے تنازع پر وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی نے مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ملاقات کر کے معاملے کو پرامن طریقے سے سلجھانے کا فیصلہ کیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی جانب سے واضح ہدایت ہے کہ سندھ کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے پر سنجیدگی سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پہلے ہی مختلف فورمز پر اپنا مؤقف واضح کر چکی ہے، اور پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ پانی کی تقسیم 1991 کے معاہدے کے مطابق کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو متنازعہ کینالز منصوبے پر شدید تحفظات ہیں، لیکن پیپلز پارٹی بات چیت کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے بھی بیان میں کہا کہ اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے بلکہ افہام و تفہیم سے اسے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اتحادی جماعت ہے اور ان کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ کینالز منصوبہ ابھی ایکنک سے منظور نہیں ہوا اور کوئی بھی فیصلہ یکطرفہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اختلاف ڈالنا چاہتے ہیں، لیکن دونوں جماعتیں مل کر ایسی کوششوں کو ناکام بنائیں گی۔