Wed, September 16, 2026

پاک فوج کے جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری طیاروں پر مشتمل دستہ آذربائیجان پہنچ گیا

پاک فوج کے جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری طیاروں پر مشتمل دستہ آذربائیجان پہنچ گیا

راولپنڈی : پاکستانی فضائیہ کا ایک دستہ، جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں اور ماہر عملے کے ساتھ آذربائیجان پہنچا ہے جہاں وہ دو طرفہ فضائی مشق "انڈس شیلڈ الفا" میں حصہ لے گا۔ اس مشق کا مقصد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان آپس میں ہم آہنگی، حکمتِ عملی اور اشتراکی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

پاکستانی طیاروں نے آذربائیجان تک پہنچنے کے لیے پاکستان سے بغیر رُکے پرواز کی اور اس دوران فضائی ایندھن کی فراہمی کا ایک پیچیدہ عمل کامیابی سے مکمل کیا۔ اس آپریشن میں پاک فضائیہ کے آئی ایل-78 ٹینکر طیارے نے اہم کردار ادا کیا، جس سے طیاروں کی طویل فاصلے تک پرواز کرنے کی صلاحیت اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور اظہار ہوا۔

"انڈس شیلڈ الفا" میں دونوں ممالک کی افواج جدید جنگی حربوں، مشترکہ منصوبہ بندی اور آپریشنل صلاحیتوں کو موجودہ ٹیکنالوجی کے مطابق پرکھیں گی۔ اس مشق کا مقصد دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور ابھرتے ہوئے فضائی دفاعی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا ہے۔

اس مشق میں پاکستانی فضائیہ کی شمولیت نہ صرف عالمی سطح پر عسکری تعاون کے عزم کو ظاہر کرتی ہے، بلکہ یہ بھی ثابت کرتی ہے کہ پاک فضائیہ اپنی صلاحیتوں کو جدید جنگی تقاضوں کے مطابق مسلسل بہتر بنا رہی ہے، اور اپنے فضائی آپریشنز میں ہمیشہ اپنی برتری برقرار رکھے گی۔

ٹیگز: